Pakistan

6/recent/ticker-posts

پاکستان دیوالیہ نہیں ہو گا

ہم سب مسلمانوں کو اس بات کا یقین ہے اور یہ ہمارے ایمان کا اہم حصہ ہے کہ دنیا کے تمام معاملات حکم الٰہی کے تابع ہیں۔ ہمیں یہ یقین کیوں نہ ہو کہ اللّٰہ کریم نے خود قرآن کریم کی سورۃ یٰسین کی آخری آیات میں فرمایا ہے کہ جب وہ یعنی اللّٰہ پاک جس کام کا ارادہ فرماتا ہے تو کہہ دیتا ہے کہ ہو جاتو وہ کام ہو جاتا ہے۔ مطلب یہ ہوا کہ اس کے حکم کے بغیر دنیا میں ایک پتا بھی نہیں ہل سکتا۔ وہ کبھی عام انسان کی خواہش پر فیصلے نہیں کرتا۔ وہ دنیا کا نظام اپنی حکمت اور مرضی سے چلاتا ہے۔ انسان جتنی مرضی کوششیں کر لے لیکن ہونا وہی ہوتا ہے جو اللّٰہ کریم چاہتا ہے۔ اسلئے ہم سب مسلمانوں کو چاہئے کہ بلندبانگ دعوے، بڑھکیں مارنے اور اس اسلامی مملکت کیخلاف ناکام سازشیں کرنے اور پروپیگنڈہ کرنےسے باز رہیں۔ ورنہ انجام ناکامی وبربادی کے سوا کچھ نہیں۔ ذرا سوچئے اور اس پر غور کریں کہ جب اس مملکت اسلامی پاکستان کیلئے جان کی قربانی دینے والوں کو اللّٰہ کریم شہادت کا عظیم رتبہ عطا فرماتا ہے تو پھر اس اسلامی ریاست کے خلاف اور اپنے ذاتی یا سیاسی مفادات کیلئے ناجائز پروپیگنڈا اور سازشیں کرنے والوں کی سزا بھی کتنی بڑی ہو گی لیکن دنیا، پیسہ اور اقتدار کیلئے اندھے لوگ اس دو روزہ زندگی کو ہی سب کچھ سمجھتے ہیں۔ 

اس وقت بلاشبہ پاکستان نہایت مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔ معاشی مشکلات ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری ہے اور پھر دہشت گردی کے عفریت نے منہ کھول لیا ہے۔ کیا کسی پاکستانی کو یہ زیب دیتا ہے کہ وہ ایسے حالات میں سیاسی عدم استحکام پھیلانے کی کوششیں کرے اور ملک کے دیوالیہ ہونے کا پرچار کرے؟ غور تو ہم سب کواس پرکرنا چاہئے کہ ہم اس مملکتِ خداداد کو ان مشکلات سے کیسے نکال سکتے ہیں؟ سیاست، اقتدار، الیکشن وغیرہ توتب کی بات ہیں جب ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام ہو۔ اسی شاخ کو کاٹنا جس پرآپ بیٹھے ہوں کہاں کی عقلمندی ہے۔ ایسی صورت میں اس شاخ کو کاٹنے والا ہی گرتا ہے اور نقصان اسی کا ہوتا ہے۔ ’’ اشرافیہ‘‘ کا اس وقت فرض بنتا ہے اور ان پر واجب بھی ہے کہ ملک کو مزید کمزور کرنے اور قو م کو مایوس کرنے اور ڈرانے کے بجائے سب مل بیٹھیں اور ان نکات پر غور کر کے اقدامات کریں کہ ہمارا یہ گھر موجودہ مشکل حالات اور بحرانوں سے نکل کر خوشحالی کی طرف گامزن ہو جائے۔ مثال کے طور پر سب سے پہلے اپنے آپ سے ابتدا کی جائے۔

شریف فیملی جواس وقت برسر اقتدار بھی ہے، ایک معقول رقم قومی خزانے میں جمع کرا دے۔ آصف علی زرداری، عمران خان، چوہدری برادران اور مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاستدان بھی ایسا ہی کریں اور قوم کو بتا دیں کہ انہوں نے کتنا کتنا پیسہ قومی خزانے میں جمع کرا دیا ہے۔ اسی طرح صنعت کار چھوٹے بڑ ے بھی اپنے اپنے لیول کے مطابق ایمانداری سے پیسے قومی خزانے میں جمع کرا دیں۔ بیوروکریسی، جج صاحبان اور جرنیل صاحبان بھی اپنی تنخواہوں اور مراعات میں معقول کٹوتی کروائیں۔ ہائوسنگ کے شعبہ سے منسلک افراد کے علاوہ ہر شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے صاحب استطاعت افراد اس ملک کیلئے قربانی دیں۔ اور ہر پاکستانی اللّٰہ پاک اور اپنے آپ سے عہد کرے کہ وہ اپنا کام مکمل ایمانداری سے کرے گا۔ الیکشن کو ملتوی کیا جائے۔ ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے اور گرانے کی مذموم کوششیں ترک کر دیں۔ باہمی پیارومحبت اور یگانگت کورواج دیں۔ غیر ضروری اخراجات سے اجتناب کا راستہ اختیار کیا جائے۔ مخالفت برائے مخالفت اور انتقام کے ذریعے سیاسی مخالفین کو ذلیل ورسوا کرنے کے اقدامات اور رویے کو ہمیشہ کیلئے دفن کیا جائے۔

ملک میں صنعتیں چلانے اور ایکسپورٹ پر فوری توجہ دی جائے۔ بجلی اور گیس کی بچت کیلئے دکانداروں سمیت ہر پاکستانی سورج کی روشنی سے استفادہ کرے جو اللّٰہ کریم نے نعمت کی صورت میں ہم سب کو عطا فرمائی ہے۔ دکاندار، ہوٹل مالکان، پیٹرول پمپ مالکان، شادی ہال اور گھریلو صارفین دن کے اوقات کارکے سلسلے میں بخوشی تعاون کریں۔ حکومت چھوٹے بڑے کارخانوں اور زراعت کو ترقی دینے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ کسانوں کو سہولتیں فراہم کرے۔ جو اشیا ملک کے اندر تیار ہو سکتی ہیں ان کی تیاری کیلئے اقدامات کئے جائیں اور ان اشیا کی امپورٹ پر پابندی لگائی جائے۔ تعیش والی تمام اشیا کی امپورٹ بند کی جائے۔ ملک کے اندر چیزیں تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائےاور معیار کی سخت پابندی کی جائے۔ اس طرح کے فوری اقدامات سے یقینی طور پر کہا جاسکتا ہے کہ نہ ہمیں آئی ایم ایف وغیرہ کی ضرورت رہے گی نہ ہی کسی اور سے قرضے اور امداد کی ضرورت ہو گی۔ جہاں تک پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی بات ہے تو یہ باتیں کرنیوالے خود ذہنی دیوالیہ پن کا شکار ہیں۔

پاکستان اللّٰہ کریم کا عطیہ ہے۔ اس ملک کو بنانے کیلئے بڑی قربانیاں دی گئی ہیں۔ آج کی نسل کو کیا معلوم کہ بٹوارے کے وقت کس طرح مسلمان شہید کئے گئے۔ کس طرح بچوں اور بڑوں کا قتل عام ہوا۔ کس طرح خواتین کی عزتیں پامال کی گئیں۔ کتنی جوان لڑکیوں کو ہندوئوں اور سکھوں نے اغوا کر کے ان سے زبردستی شادیاں کیں اور ان کو مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا۔ کتنے بچے یتیم ، بے شناخت اور لاوارث ہو گئے تھے۔ آج چند لوگ عیاشیاں کرتے اور پاکستان کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں۔ یہ ملک اللّٰہ پاک کی طرف سے مسلمانوں کیلئے عطیہ و نعمت ہے۔ کفرانِ نعمت کرنیوالے کبھی سکون میں نہیں رہ سکتے ۔ نہ پاکستان ڈیفالٹ کرے گا نہ کوئی اس ملک کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اس ملک کی حفاظت اللّٰہ تعالیٰ کرے گا۔ یہ مشکل دور بھی ختم ہو جائے گا۔ جیسے کہ پاکستان بننے کے بعد مشکلات تھیں جو اللّٰہ رحیم نے ختم کیں۔ شیطانی پروپیگنڈا کرنے اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والوں کو عبرتناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا اور پاکستان قائم رہے گا۔ ان شاءاللّٰہ۔

ایس اے زاہد

بشکریہ روزنامہ جنگ

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments