پاکستان میں مجوزہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس کے ذریعے سے کیا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے؟ اس کا جواب حاصل کرنے کے لیے تجزیوں سے زیادہ معلومات کی ضرورت ہے۔ ویسے بھی صحافی کا اصل ہتھیار کڑوے حقائق کو قلم بند کرنا ہی ہے۔ اور اگر تجزیہ اور رائے سے حقیقت جدا ہو جائے تو پھر ذاتی بغض اور جھکاؤ کی چنگیزی حاوی ہو جاتی ہے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی طرف سے اس آرڈیننس کا خلاصہ ایک انتہائی اہم اور کارآمد قدم ہے۔ اس کو پڑھنے کے بعد قارئین خود ہی جان پائیں گے کہ فسطائی سوچ کیا کیا رنگ اختیار کر سکتی ہے۔ یہ ترجمہ رانا ابرار خالد نے کیا ہے اور یہ پی ایف یو جے کی اجازت سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کی منظوری کے بعد ملک بھر کے صحافی اور میڈیا ورکرز نہ صرف ’نیوز پیپر ایمپلائز اینڈ سروسز کنڈیشنز ایکٹ 1974 میں دیے گئے قانونی تحفظ سے محروم ہو جائیں گے بلکہ مذکورہ آرڈیننس کی بدولت ان کا چھٹے، ساتویں اور نویں ویج بورڈ ایوارڈ کے تحت تنخواہ و دیگر مراعات اور بقایاجات مانگنے کا حق بھی سلب ہو جائے گا۔
پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کی منظوری کے بعد عمل درآمد ٹربیونل برائے اخباری کارکنان تحلیل ہو جائے گا اور ٹربیونل میں زیر سماعت اخباری کارکنان کے ہزاروں مقدمات بھی خودبخود ختم ہو جائیں گے۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کے تحت قائم ہونے شکایات کونسلز اور ٹربیونلز میں صحافی اور میڈیا ورکرز، میڈیا مالکان کی مرضی کے مطابق طے شدہ تنخواہ کی عدم ادائیگی کی صورت میں شکایت تو کر سکیں گے مگر انہیں نہ تو ملازمت کا تحفظ ملے گا اور نہ وہ قانونی طور پر ہاؤس رینٹ الاؤنس و دیگر مراعات کا مطالبہ کرنے کے مجاز ہوں گے۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کے بعد پاکستان میں کام کرنے والے تمام ٹی وی و ریڈیو چینلز، اخبارات وجرائد، نیوز ایجنسیاں، آن لائن اخبارات، ویب سائٹس، بلاگز، فیس بک پیجز، یوٹیوب چینلز، نیٹ فلکس، ایمازون پرائم چینلز وغیرہ ’پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی‘ سے لائسنس، ڈیکلریشن، این او سی یا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ لینے کے پابند ہوں گے جس کی مدت 5، 10 اور 15 سال ہو گی جبکہ اس کے لیے فیس مقرر ہو گی۔
اس کے علاوہ سالانہ فیس اور رینیوول فیس الگ ادا کرنا ہو گی اور سالانہ فیس تاخیر سے جمع کرانے پر جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کے تحت ’پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی‘ تشکیل دی جائے گی جس کا سربراہ گریڈ 21 یا 22 کا انفارمیشن گروپ کا آفیسر ہو گا جبکہ اتھارٹی کے 11 ممبر ہوں گے جن میں چھ نجی جبکہ پانچ ممبران میں وفاقی سیکرٹری انفارمیشن، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین پی ٹی اے، چیئرمین ایف بی آر اور چیئرپرسن مسابقتی کمیشن پاکستان شامل ہوں گے۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کے تحت اتھارٹی کو کسی بھی ٹی وی چینل، ریڈیو چینل، اخبار، جریدے، نیوز ایجنسی، آن لائن اخبار، ویب سائٹ، بلاگ، فیس بک پیج، یوٹیوب چینل، نیٹ فلکس، ایمازون پرائم چینل وغیرہ کو لائسنس، ڈیکلریشن، این اوسی، رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے، معطل کرنے، منسوخ کرنے، کسی پروگرام کو بند کرنے، آف ائیر کرنے، کسی خبر کو روکنے کے وسیع تر اختیارات حاصل ہوں گے۔
پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کے تحت پاکستان میں صحافی صرف وہی تصور کیا جائے گا جو ’پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی‘ سے لائسنس یافتہ، ڈیکلریشن، این اوسی یا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے میڈیا کے ادارے سے منسلک ہو گا (پروٹیکشن آف جرنلسٹ ایکٹ) میں حاصل حقوق صرف اسی صحافی کو ملیں گے۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کے تحت تمام ٹی وی و ریڈیو چینل، اخبار، جریدے، نیوز ایجنسی، آن لائن اخبار، ویب سائٹ، بلاگ، فیس بک پیج، یوٹیوب چینل، نیٹ فلکس، ایمازون پرائم چینل وغیرہ کے لیے لائسنس، ڈیکلریشن، این او سی، رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے درج ذیل شرائط پر عمل کرنا لازمی ہو گا:
خبروں، تجزیوں، تبصروں وبحث مباحثے میں۔۔۔
1۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی خودمختاری، سکیورٹی اور سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنانا۔
2۔ آئین میں شامل قومی، ثقافتی، سماجی و مذہبی اقدار و اصولوں کے تحفظ کو یقینی بنانا۔
3۔ اس بات کو یقینی بنانا کہ تمام پروگراموں و اشتہارات میں تشدد، دہشت گردی، نسلی ومذہبی امتیاز، فرقہ واریت، انتہاپسندی، عسکریت پسندی، نفرت، پورنوگرافی، فحاشی، ولگیریٹی، یا دیگر کسی قسم کا جارحانہ مواد موجود نہ ہو جو شائستگی کے تسلیم شدہ معیارات کے خلاف ہے اور نہ اس مذکورہ بالا برائیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہو۔
4۔ ڈیلی ٹرانسمشن، براڈکاسٹ، پبلیکیشن، پروگرامز یا خبروں میں حکومت کی طرف سے طے کیے گئے مفاد کا مواد شامل کرنا ہو گا اور اس کا دورانیہ (کل دورانیے کا) 5 فیصد لازمی ہو گا۔
5- پروگرام اور اشتہارات کے لیے اتھارٹی کے منظورشدہ ظابطے پر عمل درآمد لازمی ہو گا، جس کے لیے اِن ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی تعینات کرنا ہو گی جو کہ منظور شدہ پر عمل درآمد بارے آگاہ کرے گی۔
6- کاپی رائٹ آرڈیننس 1962، انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹ ایکٹ 2012 و دیگر قواعد کی عدم خلاف ورزی کو یقینی بنانا ہو گا۔
7- میڈیا سے متعلقہ امور کے لیے کام آنے والے کسی بھی قسم آلات کی درآمد کے لیے اتھارٹی سے الگ این اوسی لینا لازمی ہو گا۔
8- خودکش بمبار، دہشت گرد، دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کی لاشوں، جنگجوؤں وانتہاپسند عناصر کے بیانات واعلانات ودیگر اقدامات جو کسی بھی لحاظ دہشت گرد کارروائیوں اور دہشت کے فروغ کا سبب بنیں، ان کو نشر یا تقسیم نہ کرنے اور ان کی آن لائن ویڈیو فوٹیج کی عدم دستیابی کو یقینی بنانا ہو گا۔
9۔ کوئی بھی اینکرپرسن، ماڈریٹر یا میزبان کوئی بھی ایسی رائے یااقدام کو پروپیگیٹ نہیں کرے گا جو کسی بھی طرح نظریہ پاکستان، پاکستان کی خودمختاری وسلامتی یا دفاع کے خلاف تعصب پر مبنی ہو۔
10۔ امن وامان کامسئلہ پیدا کرنے والی کوئی نشریات، ڈسٹری بیوشن یا آن لائن پروگرام کی اجازت نہیں ہو گی۔
11۔ کوئی بھی ایسی نشریات، ڈسٹری بیوشن یا آن لائن کوئی بھی ایسی چیز ممنوع ہو گی جس سے سربراہِ مملکت، یا مسلح افواج کے ممبران، یا ریاست کے قانون ساز اور عدلیہ کے اداروں کی بدنامی یا ان کی تضحیک ہوتی ہو۔
12۔ عدالتوں میں زیرسماعت معاملات پر کسی قسم کی نشریات، ڈسٹری بیوشن، پروگرام یا بحث ومباحثہ نہیں ہو گا اور کورٹ رپورٹنگ صرف انفارمیشن کی صورت میں نشر/شائع کی جاسکے گی۔
13۔ کوئی بھی ایسی نشریات، ڈسٹری بیوشن یا آن لائن کوئی بھی ایسی چیز ممنوع ہو گی جس کے بارے میں پتہ ہو کہ وہ جھوٹ پر مبنی یا بے بنیاد ہے یا بدنیتی پرمبنی ہے یا اس کے جھوٹ، بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ہونے کا یقین کرنے کے لیے کافی وجوہات موجود ہوں۔
14۔ کوئی بھی الیکٹرانک وڈیجیٹل چینل واخبار اپنی باقاعدہ لانچنگ کے بعد ایک سال کا نان سٹاپ آپریشن مکمل کرنے سے پہلے سرکاری اشتہار لینے کا حقدار نہیں ہو گا۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کے مطابق کوئی بھی لائسنسن یافتہ، این اوسی، ڈیکلریشن، رجسٹریشن ہولڈر ادارہ یا فرد پر مذکورہ بالا کسی ایک بھی شرط کی پہلی بار خلاف ورزی ثابت ہونے پر تین سال قید کی سزا یا اڑھائی کروڑ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں سنائی جاسکیں گی جبکہ دوسری بار خلاف ورزی ثابت ہونے پر پانچ سال قید یا 5 کروڑ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں سنائی جا سکیں گی۔ اگر پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے لائسنس، ڈیکلریشن، این اوسی، رجسٹریشن لیے بغیر کام جاری رکھنے والا ٹی وی چینل، ریڈیو چینل، اخبار، جریدے، نیوز ایجنسی، آن لائن اخبار، ویب سائٹ، بلاگ، فیس بک پیج، یوٹیوب چینل، نیٹ فلکس، ایمازون پرائم چینل وغیرہ یا ان میں کام کرنے والا فرد مذکورہ بالا شرائط میں سے کسی ایک بھی شرط کی خلاف ورزی کرے گا تو خلاف ورزی ثابت ہونے پر اس کو پانچ سال قید یا پانچ کروڑ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں سنائی جا سکیں گی۔
سید طلعت حسین
بشکریہ انڈپینڈنٹ اردو
Visit Dar-us-Salam PublicationsFor Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.
0 Comments