ترکی کے صدر طیب اردوغان نے ’استنبول کینال‘ (یعنی نہر استنبول) پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس منصوبے پر 15 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوغان کا کہنا تھا ’ہم اس پراجیکٹ کو استنبول کے مستقبل کو بچانے کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ہم ترکی کی ترقی کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کر رہے ہیں۔‘ صدر اردوغان نے منصوبے کا افتتاح اس پراجیکٹ میں شامل ایک بڑے پُل کا سنگ بنیاد رکھ کر کیا۔ اس بڑے منصوبے کا مقصد آبنائے باسفورس سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کے دباؤ کو کم کرنا اور تجارتی مقاصد کے لیے ایک متبادل بحری روٹ فراہم کرنا ہے۔
صدر اردوغان کا مزید کہنا تھا کہ یہ منصوبہ استنبول کے عوام کی زندگیوں کو محفوظ کرنے کے لیے ضروری ہے۔ ’یہ کسی فوارے کی افتتاحی تقریب نہیں بلکہ یہ اس صدی کے بڑے نہری منصوبے کا آغاز ہے۔‘ صدر اردوغان نے پہلی مرتبہ اپریل 2011 میں اس منصوبے کا اعلان کیا تھا اور اسے ’بڑے بجٹ کے کریزی منصوبے‘ کی حیثیت سے سراہا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ اس کا موازنہ پاناما یا سوئز کینال سے نہیں کیا جا سکتا ہے (یعنی یہ ان دونوں منصوبوں سے بہتر اور بڑا منصوبہ ہے)۔ نہر استنبول کی گہرائی 25 میٹر، لمبائی 45 کلومیٹر ہو گی اور اس سے ہر روز تقریباً 160 بحری جہاز گزر سکیں گے۔ اس منصوبے کے ناقدین نے اس پراجیکٹ کی تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد اس منصوبے کے قابل عمل پر سوالات اٹھائے تھے اور کہا تھا کہ اس کے موحولیات پر بُرے اثرات ہوں گے۔
روئٹرز کے مطابق صدر اردوغان کی جانب سے پُل کا سنگ بنیاد رکھے جانے کے بعد وہاں موجود مزدوروں نے 1.6 کلومیٹر طویل پُل کے پلرز میں کنکریٹ بھرا جبکہ اس موقع پر موجود ہجوم میں شامل افراد ترکی کے پرچم لہراتے رہے۔ صدر طیب اردوغان اس منصوبے کو آبنائے باسفورس کا متبادل قرار دیتے ہیں۔ آبنائے باسفورس وہ واحد بحری راستہ ہے جو بحیرۂ اسود کو بحیرۂ روم سے ملاتا ہے جہاں اکثر بحری جہازوں کی بھیڑ رہتی ہے۔ اس راستے سے پہلے ہی سالانہ 43 ہزار کے لگ بھگ بحری جہاز گزرتے ہیں جبکہ حکام کے مطابق ماحولیات کو زیادہ نقصان نہ پہنچانے کی غرض سے یہاں سے صرف 25 ہزار بحری جہاز سالانہ گزرنے چاہییں۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں سے گزرنے والے بحری جہازوں کو بعض اوقات طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔
اندازوں کے مطابق سنہ 2050 تک آبنائے باسفورس سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں کی تعداد 78 ہزار کے لگ بھگ ہو سکتی ہے۔ ترکی کی حکومت نے رواں برس مارچ میں استنبول کینال کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔ یہ نہر آبنائے باسفورس کے مغرب میں واقع ہو گی اور اس کا بہاؤ استنبول کے شمال سے جنوب کی جانب ہو گا اور یہ 45 کلومیٹر طویل ہو گی۔ اس نہر کے منصوبے کی سرکاری ویب سائٹ پر اس نہر کو بنانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آبنائے باسفورس کی بحری ٹریفک، بڑے جہازوں کی بڑی تعداد، جو 'خطرناک' مواد وہ لے کر جاتے ہیں، استنبول شہر کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق سو سال پہلے آبنائے باسفورس سے گزرنے والی کشتیوں کی سالانہ تعداد 3000 یا 4000 ہوتی تھی جو اب بڑھ کر تقریباً 45 سے 50 ہزار ہو گئی ہے۔
بشکریہ بی بی سی اردو
Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.
0 Comments