Pakistan

6/recent/ticker-posts

موہن جو دڑو۔۔خوبصورت لوگوں کا شہر

اس سے پہلے کہ'' موہن جو دڑو ‘‘ کے معانی پر بات کی جائے ، مناسب یہ ہے کہ پہلے اس قدیم شہر سے متعلق مختصراً وضاحت کی جائے۔ موہن جو دڑو ، ملکِ عزیز پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے قریباً 20 کلو میٹر کے فاصلے پر آباد تھا۔ یہ شہر 2600 قبلِ مسیح میں آباد تھا۔ 1700 قبلِ مسیح میں اس کی تباہی نامعلوم وجوہات پر ہوئی۔ یہ اپنے زمانے کا ایک خوبصورت اور ترقی یافتہ شہر تھا۔ یہاں کے لوگ زراعت کیساتھ ساتھ تجارت کے پیشے سے بھی منسلک تھے۔ لوگ خوش حال زندگی بسر کرتے تھے۔ ماضی گواہ ہے کہ یہ شہر اپنے ہم عصر شہروں سے فوقیت کا حامل رہا ہے۔ موہن جو دڑو (سندھ) اور ہڑپہ (پنجاب) ہم عصر شہر تھے۔ ان کا شمار قدیم تہذیبوں میں کیا جاتا ہے۔

اب ''موہن جو دڑو ‘‘ کے معانی پر غور کرتے ہیں۔ لفظ موہن جو دڑو کا ترجمہ'' مُردوں کا شہر ‘‘ کیا جاتا ہے۔ اگر لغت کے حوالے سے دیکھا جائے تو یہ معنی درست معلوم نہیں ہوتا۔ وضاحت کچھ یوں ہے۔ موہن سنسکرت زبان کا لفظ ہے جو پہلے ہندی زبان میں اور اسی کی وساطت سے اردو میں دخیل ہوا۔ اردو میں عام طور پر اسمِ صفت موہنی بھی مستعمل ہے۔ اور ''موہن ‘‘ کی کیفیت ''موہت ‘‘ بھی۔ '' موہن ‘‘ کا معنی خوب صورت۔ حَسین۔ محبوب وغیرہ ہے۔ ہندو اسے شری کرشن کا لقب بھی کہتے ہیں۔ موہنی اسم صفت اور بلحاظ جنس مونث ہے۔ اس کا معنی خوب صورت ، نرم و نازک ، معشوقہ وغیرہ ہے۔ موہت اسم کیفیت ہے۔ اس کا معنی محبوب ، عاشق ، شیدا ، فریفتہ ، دل و جان سے مِٹا ہوا وغیرہ ہے۔

جو یہ سندھی زبان کا لفظ ہے۔ قواعد کے لحاظ سے حرفِ اضافت ہے۔ اردو میں اس کا معنی ، کا ، کے ، کی بنتا ہے۔ دڑو یہ بھی سندھی زبان کا لفظ ہے۔ اس کا معنی شہر ، جگہ ، مقام ، ملک ہے۔ اس طرح موہن جو دڑو کا معنی خوب صورت (لوگوں) کا شہر یا ملک بنتا ہے۔ یاد رہے کہ موہن جو دڑو قواعد کے لحاظ سے مرکب اضافی ہے۔ معلوم نہیں کہ کس بنیاد پر اس کا معنی '' مُردوں کا شہر ‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ اگر یہ قرار دیا جائے کہ اس کی کھدائی کے دوران یہاں سے دیگر سامان کے ساتھ انسانی اور جانوروں کے ڈھانچے بھی نکلے ہیں تو یہ بات کسی بھی صورت ، قابلِ قبول نہیں۔ کیوں کہ ان گنت ایسے قدیم شہر ، جو دورانِ کھدائی سامنے آئے ہوں گے اور جہاں سے کئی انسانی اور جانوروں کے ڈھانچے بھی ملے ہوں گے ، لیکن انہیں مُردوں کے نام سے منسوب نہیں کیا گیا۔ یہ بات بھی ملحوظِ خاطر رہے کہ سنسکرت اور سندھی قدیم زبانیں ہیں جن سے موہن ، جو اور دڑو ماخوذ ہیں۔

سمیع اللہ حضروی

بشکریہ دنیا نیوز
 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments