Pakistan

6/recent/ticker-posts

اسرائیل : سعودی عرب کا اہم موقف

پوری مسلم دنیا میں اس وقت متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین امریکہ کی سربراہی میں کرایا جانے والا امن معاہدہ زیر بحث ہے۔ کسی کے نزدیک یہ مشرقِ وسطیٰ میں فروغِ امن کا باعث بنے گا جبکہ ایران اور ترکی سمیت چند ممالک اسے اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدام سے تعبیر کر کے رد کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ فلسطینیوں کو حق نہ ملنے تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ اس حوالے سے سبھی کی نظریں سعودی عرب پر تھیں جو مشرقِ وسطیٰ کا ہی نہیں امت مسلمہ کا بھی اہم ترین ملک گردانا جاتا ہے۔ سعودی عرب نے کہا کہ وہ اس وقت تک متحدہ عرب امارات کی تقلید میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں کر سکتا جب تک یہودی ریاست فلسطینیوں کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط نہ کر دے۔ 

برلن کے دورے کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لئے بین الاقوامی معاہدوں کی بنیاد پر فلسطینیوں کے ساتھ امن ضروری ہے اس کے بعد تمام چیزوں کا حصول ممکن ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کے ناسور اسرائیل کے غیر قانونی قیام اور استحکام کی تفصیل خاصی طویل ہے جس میں برطانیہ اور امریکہ کا بھرپور ہاتھ ہے۔ سردست مسلم امہ کے بیشتر ممالک اسرائیل کی مغربی کنارے پر قبضہ اور غیر قانونی بستیوں کی تعمیر پر ہی نہیں فلسطین اور فلسطینیوں کی بقا کے لئے پریشان ہیں۔ معاملات کا بغور جائزہ لیا جائے تو اس شر میں خیر کا پہلو بھی دکھائی دیتا ہے۔

پاکستان، ایران، ترکی اور سعودی عرب سمیت بیشتر مسلم ممالک کا موقف دکھائی دیتا ہے تو یہ عالم اسلام کے لئے باہمی اتحاد کا نادر موقع ہے، سب یکسو ہو کر اس معاملے کی بجائے مسئلے کے حل کی بات کریں گے تو معاملات بہتر طور پر طے کئے جا سکتے ہیں بلکہ اس میں مسئلہ کشمیر کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ اب یہ مسلم امہ کی دانش و لیاقت پر ہے کہ اس سے خیر کیسے برآمد کرتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments