انڈیا کی پارلیمان میں شہریت کا ترمیمی بل پیش کیا گیا جسے بڑی اکثریت کے ساتھ منظور کر لیا گیا لیکن اسے جہاں انڈیا کے آئین کے منافی کہا جا رہا ہے وہیں اسے پارلیمان میں گاندھی پر جناح کی جیت سے تعبیر کیا گيا ہے۔ انڈیا کے معروف سیاستدان اور کانگریس رہنما ششی تھرور نے شہریت کے ترمیمی بل یعنی سی اے بی (کیب) کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ بل آئین کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے ’اگر یہ بل منظور ہوتا ہے تو یہ مہاتما گاندھی پر محمد علی جناح کے افکار کی جیت ہو گی۔‘ اس بل کے تحت افغانستان، پاکستان اور بنگلہ دیش کی چھ مذہبی اقلیتی برادریوں کو انڈیا کی شہریت کی اجازت ہو گی جس میں مسلمان شامل نہیں ہیں۔ سوشل میڈیا پر جہاں سی اے بی پر زوردار بحث ہوتی رہی وہیں جناح کا ٹرینڈ ٹاپ ٹین میں نظر آیا۔
انڈیا میں پاکستان کے بانی محمد علی جناح کا ذکر ان کی موت کے 70 سال بعد بھی زور شور سے ہوتا رہتا ہے اور اس کا استعمال کبھی سخت گیر ہندو تنظیموں کے رہنماؤں کی جانب سے ہوتا ہے تو کبھی کانگریس کے ارکان بھی اس کا استعمال کر تے ہیں۔ اس سے قبل محمد علی جناح پر انڈیا میں اس وقت شد و مد کے ساتھ بحث ہوئی تھی جب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ان کی ایک تصویر متنازع ہو گئی تھی۔ انڈیا کے ترمیمی بل پر مضمون لکھتے ہوئے معروف صحافی برکھا دت نے لکھا کہ ’انڈیا نے اپنے آپ کو پاکستان کے عکس میں ڈھال لیا ہے۔‘ انھوں نے لکھا کہ بہت سے لوگ انڈیا میں اور انڈیا کے باہر بدلتے انڈیا کو ہندو پاکستان کہہ رہے تھے لیکن وہ انھیں مناسب نہیں لگتا تھا۔ انھوں نے لکھا کہ ’ لیکن آج پہلی بار مجھے اس بات کا اعتراف کرنا چاہیے کہ انڈیا نے سرکاری طور پر خود کو پاکستان کی تصویر میں ڈھال لیا ہے۔‘
عمران پیری شاہ نے محمد علی جناح کا سنہ 1942 کا ایک مبینہ قول نقل کیا جس میں کہا گیا تھا ’انڈیا کی اکثریت مسلمانوں کے ساتھ ویسا ہی سلوک کریں گے جیسا کہ یورپ میں نازیوں نے یہودیوں کے ساتھ کیا۔‘ اندر دیپ خان نامی ایک صارف نے لکھا ’شہریت کا ترمیمی بل جناح کے دو قومی نظریے پر ہندوستان کی جانب سے سرکاری مہر ہے۔‘ جبکہ انکر سنگھ نامی صارف نے لکھا ’ کیا آپ یقین کر سکتے ہیں کہ ہمارے وزیر داخلہ بے وقوف کی طرح چیخ رہے ہیں کہ کانگریس تقسیم کی ذمہ دار تھی۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہندو مہا سبھا اور جناح نے مذہبی بنیادوں پر تقسیم کی حمایت کی۔
شبانو علی
بشکریہ اردو نیوز
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.
0 Comments