Pakistan

6/recent/ticker-posts

سرمایہ کاری کیلئے پاکستان بھارت سے بہتر ملک

عالمی معاشی درجہ بندی کے ادارے موڈیز انویسٹرز سروس نے پاکستان کی معیشت پر اپنی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں پاکستان کے معاشی منظر نامے (آؤٹ لک) کو منفی سے بی تھری مستحکم کر دیا ہے ‘ آؤٹ لک میں تبدیلی ادائیگیوں میں توازن، پالیسی ایڈجسٹمنٹ کی حمایت اور کرنسی کی لچک کے باعث سامنے آئی ہے۔ عالمی مالیاتی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرمایہ کاری کے لیے پاکستان ، بھارت سے بہتر ہے‘ حکومت پاکستان نے بین الاقوامی ادائیگیوں کی صورتحال بہتر کی ہے‘ مثبت اقدامات کی بدولت معاشی صورتحال میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں۔

پاکستان ایک بڑی معیشت ہے‘ زرمبادلہ کے ذخائر اب بھی کم ہیں ‘ بڑھنے میں کچھ وقت لگے گا‘ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مقرر کیا جانے والا ریونیو کا ہدف مکمل طور پر حاصل کرنا ایک چیلنج ہو گا‘ بیرونی اقتصادی خطرات میں کمی آئے گی جبکہ مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ موڈیز کی جانب سے پاکستان کا آؤٹ لک منفی سے مستحکم کرنا ملک کے معاشی استحکام میں حکومت کی کامیابی کی تائید ہے۔ موڈیز کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ریٹنگ بی تھری پر برقرار رکھی ہے تاہم پہلے آؤٹ لُک منفی تھا جسے اب موڈیز نے مستحکم کر دیا ہے۔ موڈیز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے بیرونی اقتصادی خطرات میں کمی آئے گی۔ 

موڈیز نے دوسرے پاکستان انٹرنیشنل سکوک کمپنی لمیٹڈ اور تھرڈ پاکستان انٹرنیشنل سکوک کمپنی لمیٹڈ کے حوالے سے بی تھری فارن کرنسی ریٹنگ کی تصدیق کی ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی، پالیسی فریم ورک اور دیگر اقدامات کی وجہ سے پاکستان میں معاشی صورتحال کے لئے بیرونی خطرات میں کمی رہے گی تاہم غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھنے میں کچھ وقت لگے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پالیسی اقدامات اور دیگر وجوہات کی بناءپر ادائیگیوں کے توازن میں بہتری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ پاکستان کی بی اے تھری لوکل کرنسی بانڈ اور ڈیپازٹ سیلنگ میں تبدیلی نہیں کی گئی۔ بی ٹو فارن کرنسی بانڈ سیلنگ اور سی اے اے ون فارن کرنسی ڈیپازٹ سیلنگ بھی وہی رہے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ درآمدات میں کمی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی جبکہ بجلی کے جاری منصوبوں کی تکمیل سے بھی درآمدات میں کمی آئے گی اور بجلی کی پیداوار میں ڈیزل کی بجائے کوئلہ، قدرتی گیس کے استعمال اور پن بجلی کی پیداوار کی وجہ سے بتدریج تیل کی درآمدات بھی کم ہوں گی۔ موڈیز نے کہا کہ پچھلے 18 ماہ کے دوران ایکسچینج ریٹ میں ردوبدل کی وجہ سے برآمدات میں بتدریج اضافے کی وجہ سے بھی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کی وجہ ہے۔ حکومت ملک کی تجارتی مسابقت بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور حال ہی میں نیشنل ٹیرف پالیسی تیار کی گئی ہے جس کا مقصد برآمدات کے لئے سہولیات مہیاء کرنا ہے۔ اگر تجارت کے تناظر میں بہتری کے لئے اقدامات کئے جاتے ہیں تو اس سے برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ موڈیز نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کو مضبوط بنانے اور کرنسی میں لچک پیدا کرنے سمیت پالیسی اقدامات سے بیرونی معاشی خطرات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔  

بشکریہ روزنامہ جنگ

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments